26 اگست 2026 - 16:28
سپاہ کے ترجمان: ایران کی شرائط تسلیم ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی

سپاہ پاسداران کے ترجمان سردار حسین محبی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے مکمل کنٹرول میں ہے اور جب تک امریکا ایران کی شرائط تسلیم نہیں کرتا، اسے کسی صورت نہیں کھولا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے تمام جنگی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے کم از کم 400 کلومیٹر دور جاچکے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سپاہ پاسداران کے ترجمان سردار حسین محبی نے آبنائے ہرمز کی تازہ صورتحال کے بارے میں کہا کہ یہ آبنائے ایران کے کنٹرول میں ہے اور اس وقت خلیج فارس میں دشمن کا کوئی جنگی بحری جہاز موجود نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دشمن کے تمام جنگی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے کم از کم 400 کلومیٹر دور ہٹ چکے ہیں اور عسکری و علاقائی صورتحال کے پیش نظر کوئی بھی بحری جہاز ایران کی اجازت اور نگرانی کے بغیر اس آبی گزرگاہ سے گزر نہیں سکتا۔

سردار محبی نے کہا کہ عمان کے قریب واقع آبی گزرگاہ بھی مکمل طور پر ایران کے کنٹرول میں ہے۔ ان کے مطابق، آبنائے ہرمز ایران اور عمان کے درمیان مشترکہ آبی راستہ ہے اور تقریباً ایک ماہ قبل ایران نے عمان کے ساتھ مذاکرات کیے تھے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان اتفاقِ رائے قائم ہوا۔

سپاہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مذاکرات میں آبنائے ہرمز کے پانیوں میں دونوں ممالک کے حصے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی میں ایران اور عمان کے حصے کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اس معاملے میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے، جس کے باعث پیش رفت میں تاخیر ہوئی ہے۔ اگر امریکا اپنی رکاوٹیں ختم کرکے طے شدہ مفاہمت کی طرف واپس آتا ہے تو ایران اور عمان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جاسکتا ہے۔

سردار حسین محبی نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کو ایران کی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی، بصورتِ دیگر یہ آبی گزرگاہ کسی صورت نہیں کھولی جائے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha